اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ٹی وی چینلز کو اشتہارات کی سالانہ 5 فیصد بطور آمدنی جمع کرانے کے پیمرا نوٹس کے خلاف درخواستوں کو سماعت کے لیے چیف جسٹس کی عدالت کو بھجوادیا۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزاران کی جانب سے فیصل صدیقی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاکہ مارچ میں یہ نوٹس جاری ہوا، پیمرا کے مطابق یہ رقم سالانہ جمع کرانا ہوتی ہے‘ 13سال کی ریکوریز کے لیے نوٹس جاری کیے گئے،یہ ریکوری کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ پھر چینل ہی لے لیں،مارچ میں جو واقعات ہوئے اس سے واضح ہے کہ میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لیے یہ نوٹس جاری کیے گئے۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ اس طرح کا معاملہ چیف جسٹس کی کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے‘مناسب ہے کہ کوئی ایک بینچ یہ ساری درخواستیں اور اپیل سنے،جسٹس گل حسن نے معاملہ واپس چیف جسٹس کو بھجوا دیا، ادھر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پہلے ہی 13 مئی تک حکم امتناع میں توسیع کر دی ہے۔