فیصل آباد چیمبر کے صدر کی حمزہ شہباز کو وزیر اعلی منتخب ہونے پرمبارکباد

155

فیصل آباد (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے حمزہ شہباز کو پنجاب کا وزیر اعلی منتخب ہونے پرمبارکباد دی ہے اور اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ ان کے دور میں پنجاب شہباز شریف کے دور سے بھی بڑھ کر ترقی کرے گا۔ انہوں نے وزیر اعلی کے انتخاب کے دوران اسمبلی میں ہونے والے ناخوشگوار واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیر اعلی اپنی پہلی فرصت میں صنعتکاروں اور تاجروں سے براہ راست ملاقات کریں گے تاکہ ان کی مشاورت سے پنجاب کا نیا اور متوازن بجٹ تیار کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صنعتی ترقی سے ہی پنجاب کی ترقی وابستہ ہے اسلئے حکومت کو اس شعبہ پر خصوصی توجہ دینا ہو گی۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کیلئے مزید آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ٹیکسوں کے پورے نظام کی از سر نو تشکیل کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ تمام وفاقی، صوبائی اور مقامی ٹیکسوں کو یکجا کر کے ایک ہی جگہ تمام ٹیکس وصول کئے جائیں تاکہ صنعتکاروں کو بار بار بلوں اور ٹیکسوں کی ادائیگی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے صوبائی فنانس کمیشن کی طرز پر ضلعی فنانس کمیشن کے مطالبے کو بھی دوہرایا تاکہ صوبے میں یکساں اور متوازن ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔