نواز شریف کو سفارتی پاسپورٹ کا اجرا روکنے کی درخواست خارج

148

اسلام آباد (صباح نیوز) چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو سفارتی پاسپورٹ کا اجرا روکنے کی درخواست جرمانے کے ساتھ خارج کردی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے عدالتی وقت ضائع کرنے پر درخواست گزار کو 5 ہزار روپے جرمانہ کردیا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے نعیم حیدر ایڈووکیٹ کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ دوران سماعت عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ وفاقی حکومت نے کب آرڈرز جاری کیے جس سے آپ متاثر ہوئے ہیں ، یہ عدالت ہوا میں کوئی حکم جاری نہیں کرسکتی۔ اس پر وکیل کا کہنا تھا کہ پورے میڈیا میں اس بات کے چرچے ہیں کہ نوازشریف کو سفارتی پاسپورٹ جاری کیا جا رہا ہے، عدالتی فیصلے موجود ہیں جو اشتہاری ہے اس کو اس طرح کا پاسپورٹ جاری کرنا آئین کی روح کے منافی ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اگر کوئی اشتہاری ہے تواس کے ساتھ قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قراردیتے ہوئے خارج کردی ۔