اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ چار سال پاکستان کے عوام سرکاری خرچے پر جھوٹ سنتی رہی ہے، سابق دور میں وزیراعظم کی کرسی پر مسلط ایک شخص نے صبح شام جھوٹ بولا اور الزامات لگائے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کنٹینر پر چڑھ کر اداروں کو نفرت کا نشانہ بنا رہے ہیں، الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس میں 30 دن کے اندر فیصلہ کرنا ہے، اس وجہ سے عمران خان الیکشن کمیشن کے خلاف ریفرنس لانا چاہ رہے ہیں۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ کل پی ٹی آئی کا بیانیہ ہوگا کہ ایک سازش ان کے خلاف امریکہ میں ہوئی اور دوسری سازش الیکشن کمیشن میں ہو رہی ہے، اوورسیز پاکستانیز کو چیریٹی کے نام پر لوٹا اور پیسے پارٹی فنڈنگ کے اندر آتے رہے، پاکستان کے عوام نے انہیں پیسے دیئے جو انہوں نے ڈیکلیئر نہیں کئے۔
انہوں نے کہا کہ اسپتال کے لئے چندے وصول کر کے پارٹی فنڈنگ میں استعمال کئے گئے، گزشتہ آٹھ سال سے پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ چھپانے کے لئے بھونڈے ہتھکنڈے اختیار کئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کنٹینر پر چڑھ کر اداروں کو نفرت کا نشانہ بنا رہے ہیں، جن جج صاحبان نے ان کی آئین شکنی کے خلاف فیصلہ دیا، انہوں نے انہیں بھی نفرت کا نشانہ بنایا اور اپنی جھوٹی سیاست کی نظر کیا، اس کی وجہ صرف یہی ہے کہ کوئی بھی شخص ان سے ان کی کارکردگی کا نہ پوچھ سکے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ وہ چیف الیکشن کمیشنر کے خلاف ریفرنس لا رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس اس لئے لانا چاہ رہے ہیں کہ ہائی کورٹ کے حکم کے تحت الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ تیس دن کے اندر کرنا ہے۔