سکھر(نمائندہ جسارت)پرائم منسٹر ہنر مند پاکستان پروگرام کے تحت گورنمنٹ پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ فار ویمن سکھر میں طالبات کو 6 ماہ کا کمپیوٹر کورس کرایا گیا۔ یہ کورس وفاقی ادارے نیوٹیک کے زیر اہتمام مکمل کرایا گیا ہے۔ کورس مکمل کرنے والی طالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کے لیے ایک تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایم ڈی سندھ ٹیکنیکل ایجو کیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی، ڈاکٹر غلام مصطفی سہاگ تھے۔ اس موقع پر ادارے کی پرنسپل شکیلا بی بی نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر غلام مصطفی سہاگ نے کورس مکمل کرنے والی طالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔ آخر میں انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورس مکمل کرنے والی طالبات فیلڈ میں جاکر خدمات انجام دیں اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ملک کا نام روشن کریں۔ تقریب میں ریجنل ڈائریکٹر سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن علی اصغر سہاگ ، ڈپٹی ڈائریکٹر فیاض علی اجن اور دیگر افسران نے شرکت کی۔