پرویز الٰہی‘ اراکین اسمبلی پر تشدد کی مثال نہیں ملتی، شفقت محمود

276

لاہور (آن لائن) تحریک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمود نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں چودھری پرویز الٰہی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اس کی شدید مذمت کرتے ہیں، پولیس اور حمزہ کے غنڈوں نے اندر آکر ایم پی ایز پر تشدد کیا، ابھی ان کی حکومت بنی نہیں اور یہ کچھ کر رہے ہیں، دنیا میں ایسی مثال نہیں ملتی، یہ وہی حکومت ہے جس نے عدالت عظمیٰ پر حملہ کیا تھا، ماڈل ٹائون میں قتل عام کروایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مسلم لیگ ن کا خیال ہے کہ ہم ڈر کر بیٹھ جائیں گے یہ ان کی خام خیالی ہے، مینار پاکستان جلسے کی ابھی تک اجازت نہیں دی جا رہی، ہمارے لگے ہوئے بینرز اتار کر اپنے لگا رہے ہیں، یہ خرید و فروخت اور بندر بانٹ کے ساتھ چل رہے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے عوام کو تبدیل کردیں گے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے، مسلم لیگ(ن) اور فضل الرحمن سے کہوں گا کہ آئو عوام کی عدالت میں چلیں۔ پنجاب اسمبلی میں ڈھونگ رچا کر غیر قانونی الیکشن کروایا گیا، گورنر پنجاب نے غیر قانونی وزیراعلی پنجاب سے حلف نہ لیا جس پر ان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ کراچی میں دیکھ لیا کہ پاکستان کے عوام خان کے ساتھ ہیں، 21کو ہونے والا جلسہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔ ہمیں پتا لگا ہے کہ حمزہ اور اس کے نئے ساتھیوں نے جلسہ کو ناکام بنانے کے لیے پلاننگ کر رہے ہیں، یہ دوسرے شہروں سے آنے والے کارکنوں کے راستے بند کریں گے، ہمارے بینرز اتار دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان کی بن رہی ہے عوام ہمارے ساتھ ہے۔ مسلم لیگ ن کے چند جعلی جلوس نکالے جو ناکام ثابت ہوئے،پاکستان کی سڑکوں پر تحریک انصاف نظر آ رہی ہے۔