نیا ناظم آباد رمضان کرکٹ، عالمگیر جمخانہ سیمی فائنل میں

312

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) نیا ناظم آباد رمضان کارپوریٹ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں عالمگیر جمخانہ اور ہیلا ڈوس آئس کریم کی ٹیموں نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ نیا ناظم آباد کرکٹ اسٹیڈیم پر عالمگیر جمخانہ نے ہومینیٹی ڈور فاؤنڈیشن کو سڑسٹھ رنز سے شکست دی۔ عالمگیر جمخانہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو ستتر رنز بنائے۔ محمد طلحہ63، حسن محسن 38اور عماد بٹ 26رنز بناکر نمایاں رہے۔ تابش خان، خوزائمہ بن تنویر، رحمن غنی، دانیال راجپوت اور عاشر قریشی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں ہومینیٹی ڈور فاؤنڈیشن کی ٹیم 19ویں اوور میں 110 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ محمد افضل22 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ صائم ایوب نے 14رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ حسان خان نے 4 اوور میں صرف 8 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ چوتھے کوارٹر فائنل میں ہیلاڈوس آئس کریم کی ٹیم نے اینوریکس ایس ایم ایس جمخانہ کے خلاف 16 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ ہیلا دوس آئس کریم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے8 وکٹوں پر 154 رنز بنائے۔ اسماعیل شاہ نے اکتالیس گیندوں پر 62 اسکور کیے ۔خوشدل شاہ نے 23رنز بنائے۔ آصف یعقوب نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں اینوریکس ایس ایم ایس جمخانہ کی ٹیم 20اوور میں 138رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ فرید شاہ نے37اور محمد سہیل نے 33 رنز کی اننگ کھیلی۔ ارشد وزیر اور ذیشان ملک نے تین تین جبکہ آصف علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ مہماں خصوصی سلمانز فوڈز کے کنٹری ہیڈ سرفراز احمد خان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ سرفراز احمد خان کا کہنا تھا کہ نیا ناظم آباد میں کھیلوں کی سہولیات قابل تعریف ہیں۔ نوجوانوں کو کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا نیا ناظم آباد انتظامیہ کا زبردست قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد میں ہر ممکن سرپرستی کریں گے تاکہ یہ نوجوان بہتر انداز میں مقابلوں کی تیاری کریں ۔