لاہور (نمائندہ جسارت) رہنما تحریک انصاف عثمان بزدار پنجاب اسمبلی میں وزارت اعلیٰ کے امیدوار چودھری پرویز الٰہی پر تشددکے واقعے سے لاعلم نکلے۔عثمان بزدار پرویز الٰہی کی عیادت کے لیے ان کے چیمبر پہنچے تو پرویز الٰہی نے واقعے کی تفصیلات سے عثمان بزدار کو آگاہ کیا۔چودھری پرویز الٰہی نے بتایا کہ وہ ایوان میں اس طرف یہ کہنے گئے تھے کہ ایسا نہ کریں، اس دوران رانا مشہود کچھ لوگوں کو لے کر آگئے، سعد رفیق کا بھائی سلمان رفیق بھی آپہنچا اور مجھے پیچھے سے پکڑ کر نیچے گرایا، جب نیچے گرا تو پھر میں بے ہوش ہوگیا اور پھر نہیں معلوم کیا ہوا۔اس پر عثمان بزدار نے اظہار حیرت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تو پتا ہی نہیں چلا، جس پر تحریک انصاف کے رہنما راجا بشارت اور ان کے ساتھ کھڑے شخص نے لقمہ دیا کہ ہمیں پتا چل گیا تھا، ہم پہنچ گئے تھے۔عثمان بزدار کے پوچھنے پر پرویز الٰہی نے کہا کہ ان کا بازو فریکچر ہوا ہے۔خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے دوران چودھری پرویز الٰہی نرغے میں آگئے اور تشدد سے زخمی ہوگئے۔بعد ازاں نجی ٹی وی سے گفتگو میں پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ میرا بازو ٹوٹ گیا ہے اور سینے پر بھی چوٹیں آئی ہیں، اپوزیشن نے اپنے غنڈے بلائے ، شریفوں کا اصل چہرہ سب نے دیکھ لیا ہے، سارے معاملے میں آئی جی پنجاب ملوث ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں کہاں جائوں، میرے لیے کوئی عدالت نہیں ہے، میں نے معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے، از خود نوٹس ان کے لیے لیا جاتا ہے جن کی کوئی سفارش ہو ، یہ شریفوں کی جمہوریت ہے۔