راجہ پرویز اشرف بلامقابلہ 22 ویں اسپیکر قومی اسمبلی منتخب

407

اسلام آبا: پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف قومی اسمبلی کے 22ویں بلامقابلہ سپیکر منتخب ہوگئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی کا 22 واں اسپیکر منتخب ہونے اور حلف اٹھانے کے بعد اپنے افتتاحی خطاب میں آئینی اور پارلیمانی بالادستی کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ ایوان عوام کی نمائندگی کرتا ہے لہذا اس مقدس ایوان کے تقدس اور اس کی غیر جانبداری کو بحال رکھنا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ رواں برس پاکستان کے قیام کا ڈائمنڈ جوبلی سال ہے اور ان کا یہ الیکشن اس لحاظ سے تاریخی اور یادگار ہوگا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایک سابق وزیراعظم کو اس اعلی عہدے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ وہ سپیکر کے عہدے سے وابسطہ غیر جانبداری اور رواداری کو برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بطور ایوان کے کسٹوڈین وہ پارلیمنٹ کی بالادستی کو برقرار رکھیں گے۔ اسپیکر نے کہا کہ اس معزز ایوان کا بلامقابلہ اسپیکر منتخب ہونا ان کے لئے بڑا اعزاز ہے جس نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو اپنا پہلا قائد منتخب کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس ایوان نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو بھی اسی نشست پر منتخب کیا تھا۔ قائداعظم کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ”یاد رکھیں کہ آپ ایک آزاد مقننہ ہیں اور تمام اختیارات آپ کے پاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایوان کی کارروائی چلاتے ہوئے اس غیر جانبداری کو برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بطور سپیکر ان کی اولین ذمہ داری ہوگی کہ وہ اس ایوان کی خودمختاری اور اسے حاصل اختیارات کا تحفظ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمانی سروسز کو مزید فعال کریں گے۔

خواتین قانون سازوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ خواتین پارلیمانی کاکس کے ذریعے خواتین کے لیے کام کرنے کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے کردار کو سراہا اور پارلیمانی نگرانی کو بہتر بنانے کے لیے ان سے تعاون طلب کیا۔ انہوں نے آصف علی زرداری، شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو، بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعطم میاں محمد شہباز شریف، پارلیمانی قائدین اسد محمود، مقبول صدیقی، خالد مگسی، اختر مینگل، طارق بشیر چیمہ، غوث بخش مہر، نوابزادہ شاہ۔

زین بگٹی ،امیر حیدر ہوتی، اسلم بھوتانی، علی نواز شاہ اور محسن داوڑ کا اسپیکر کے عہدے پر ان کی نامزدگی کا شکریہ ادا کیا۔