بلاول بھٹو نے بلدیاتی انتخابات پر تجاویز طلب کر لیں

276

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی ٹکٹ ہولڈرز، سی ای سی ممبران اور بلوچستان، سندھ اور پنجاب کے ڈویژنل صدور کو ان صوبوں میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اپنی تجاویز پارٹی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں جمع کرانے کی ہدایت دی ہے۔

اسلام آباد میں پارٹی کے میڈیا آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی ٹکٹ صوبائی پارٹی چیپٹرز کے ذریعے دیے جاتے ہیں اور پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ صوبائی چیپٹرز پارٹی ٹکٹ جاری کرتے رہیں گے اور اس سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان سے باضابطہ رابطہ بھی کر دیا گیا ہے۔

تاہم پارٹی کیڈرز کی وسیع تر اور گہری مصروفیت کے لیے چیئرمین نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ٹکٹ ہولڈرز، سی ای سی ممبران اور صوبے کے ڈویژنل صدور کو بھی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں انتخابات کے مختلف پہلوں کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کرنے کے لیے مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ پنجاب کے 17 اضلاع میں 29 مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے شیڈول کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ اسی طرح سندھ کے چار ڈویژن سکھر، لاڑکانہ، بے نظیر آباد اور میرپورخاص میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے شیڈول کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دونوں مراحل کے انتخابات حال ہی میں مکمل ہوئے ہیں۔ چیئرمین کو دی گئی تجاویز پارٹی سیکرٹریٹ سٹریٹ 85 G-6/4 اسلام آباد میں سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری کو بھیجی جائیں گی۔