لاہور (آن لائن) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور پنجاب میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں بھرپور سپورٹ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام عمران خاں کے ساتھ ہیں اور تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں ایک بار پھر بھرپور طاقت بن کر ابھرے گی۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ماضی میں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی اداروں پر حملہ آور ہونے کے تاریخی حقائق کو بھلایا نہیں جاسکتا۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ اداروں کا احترام کیا اور ان کی آزادی، خودمختاری اور استحکام کے لئے جدوجہد کی ہے۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی مونس الہٰی نے کہا کہ ماضی میں پرویز الہٰی نے اپنی وزارت اعلیٰ کے دور حکومت میں عوام کی فلاح بہبود کے لئے مثالی خدمات انجام دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخابات میں کامیابی کے لیے پر عزم ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکمت عملی تیار ہے کل ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کریں گے۔