سکھر (نمائندہ جسارت)آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی و قائد حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ سکھر حیدرآباد موٹروے کی تعمیر میں غیر ضروری تاخیر اور تعمیرات میں تاخیری حربے استعمال کرکے سابقہ وفاقی حکومت نے سیاسی دشمنی کا بدلہ لیا، سکھر و حیدرآباد سے ایک سیاسی جماعت کو توقع کے مطابق گزشتہ عام انتخابات میں کامیابی نہ ملنے کی سزا سکھر و حیدر آباد کے عوام کو دی گئی ، وزیراعظم شہباز شریف سکھر حیدرآباد موٹروے کی تعمیر میں بلاوجہ کی تاخیر کا نوٹس لے کر جلد از جلد تعمیرات مکمل کراکے اس بڑے سفری منصوبے کو عوام کے لیے کھولنے ے اقدامات کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حاجی محمد ہارون میمن کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں سکھر حیدر آباد موٹروے کا منصوبہ بھی شروع کیا گیا لیکن عمران خان کے دور میں اس اہم تعمیراتی منصوبے کو سرد خانے کی نذر کردیا گیا جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں،حاجی محمد ہارون میمن نے کہا کہ ملک بھر کے موٹروے تعمیر ہوچکے اور ان تعمیر ہونے والے موٹروے پر گاڑیاں رواں دواں ہیں جبکہ سندھ کا یہ سکھر حیدرآباد موٹروے تاحال نہیں بن سکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی غفلت، نااہلی عدم توجہی اور تاخیری حربوں کی وجہ سے سکھر حیدرآباد موٹروے کی تعمیر کافی عرصے سے التواء کا شکار ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم میاں شہباز شریف سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ سکھر حیدرآباد موٹروے کی جلد از جلد تعمیرکے لیے خود سندھ آکر سکھر حیدرآباد موٹروے کے مقام کا دورہ کریں اور این ایچ اے سمیت دیگر متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کریں کہ زیرالتوا سکھر حیدرآباد موٹروے جلد از جلد تعمیر کرواکے عوام کے لیے کھولا جائے۔