احساس پروگرام اور پناہ گاہیں بند نہیں کررہے ،مریم اورنگزیب

446

اسلام آباد (آن لائن/ صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے احساس پروگرام اور پناہ گاہیں بند کرنے کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ شہبازشریف نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں پہلے خطاب میں واضح کیا تھا کہ عوامی خدمت کے منصوبے جاری رہیں گے ‘ بلکہ ان مزید توسیع دی جائے گی‘ فلاحی پروگراموں کی بندش کا جھوٹا پروپیگنڈا وہ پھیلا رہے ہیں جنہیں وزیراعظم کی کرسی اور کنٹینر پر جھوٹ بولنے کی عادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا سے گزارش ہے کہ وہ ایسی بے بنیاد اطلاعات کو جگہ دینے سے اجتناب کرے گا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پہلی بارتحریک عدم اعتماد کے ذریعے کرپٹ ٹولے کو باہر کیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے توشہ خانہ کے تحائف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فواد چودھری نے تحائف بیچنے کی خود تصدیق کردی ہے ‘ ملزم اگر کوئی ہے تو عمران خان ہے، مالم جبہ، آٹا، چینی کیس کا ہے‘ عمران خان فارن فنڈنگ کیس کا ملزم ہے‘ ان کے تمام حقائق کو سامنے لائیں گے‘ کہتے ہیں کیا ہوا گھڑی ملی تو بیچ دی، یہ ہے ان لوگوں کی اصل حقیقت، یہ وہی وزیر ہے جو ریڈیو، پی ٹی وی کو بیچنے کے چکر میں تھا۔