راجہ پرویز اشرف بلا مقابلہ اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ،ڈپٹی اسپیکر کیخلاف عدم اعتماد پر ووٹنگ آج ہوگی

266

اسلام آباد (آن لائن/صباح نیوز) قومی اسمبلی کے نئے اسپیکر کا باضابطہ انتخاب آج ہفتے کو کیا جائے گا جبکہ قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک بھی منظور کرے گی‘ وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ حکومت کے تمام اراکین کو ایوان میں اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ اتحادی حکومت کے مشترکہ امیدوار راجا پرویز اشرف نئے اسپیکر قومی اسمبلی ہوں گے‘ان کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے، ان کی کامیابی کا بھی باضابطہ اعلان آج ہفتے کو ہوگا‘قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن اور آرڈر آف دی ڈے کے مطابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف 159اراکین نے عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی ہے‘ یہ تحریک آج ایوان میں منظوری کے لیے پیش کی جائے گی اور منظوری کے بعد عدم اعتماد کی قرارداد ایوان میں پیش کی جائے گی،اس قرارداد کی منظوری کے ساتھ ہی ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔ قبل ازیں13اپریل کوڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے قومی اسمبلی کے 16 اپریل کو طلب کیے گئے اجلاس کا شیڈول تبدیل کردیا تھا اور اجلاس 22 اپریل تک موخر کردیا گیا تھا تاہم اب سیکرٹری قومی اسمبلی کی جانب سے آج 16اپریل کو اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس کی وجہ ڈپٹی اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک ہے اور اس پر7 دن کے اندر ووٹنگ لازمی ہے۔