اسلام آباد: تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کہاہے کہ بیرونی سازش پہلے سے تیار تھی ، اسی لیے مداخلت کی گئی، سازش نہیں ہوتی تو پھر مداخلت کیوں کی جاتی ہے، سپریم کورٹ سوموٹو لے اور جوڈیشل کمیشن بنائے۔
ایک انٹرویو میں شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی میں حکومت کی تبدیلی اور سازش پربات ہوئی تھی، مراسلے میں کہا گیا عمران خان نے تنہا روس جانے کا فیصلہ کیا، امریکیوں کوڈس انفارمیشن کس نے دی کہ وزیراعظم نے تنہا فیصلہ کیا، قومی سلامتی کمیٹی کی منٹس کیساتھ بات چیت بھی ریکارڈڈ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکیوں کوآفیشل غلط معلومات دی جاتیں تووہ اس پربات کرتے، مداخلت اس لیے کی گئی کہ سازش پہلے سے تیارتھی، مراسلے میں نام کے ساتھ عمران خان کونشانہ بنایا گیا۔
دھمکی آمیز خط کے حوالے سے شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ ڈونلڈلونے کہاعدم اعتماد ناکام ہوئی توعمران خان کوآئیسولیٹ کریں گے ، عمران خان کوآئیسولیٹ کرنے کے بعد امریکا مد مقابل آئے گا۔ ڈونلڈ لو نے کہا عدم اعتماد ناکام ہوئی تو پاکستان کو مشکلات کا سامنا کرنا ہوگا اور عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو پاکستان کو معاف کردیا جائیگا ، اس کے بعد ہمارے لوگوں سے ملاقاتیں ہوئی اوروہ غائب ہوئے، سازش پہلے سے تیار تھی اورمداخلت کھل کرکی گئی۔