کراچی (نمائندہ جسارت)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی سیکرٹری اطلاعاتو رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ قومی اداروں کے خلاف بیان بازی مودی کا ایجنڈا ہے،شہباز شریف جمہوری انداز اور ووٹ کی طاقت سے وزیراعظم منتخب ہوئے، چیئرمین پیپلزپارٹی نے للکار کر عمران نیازی کو اقتدار سے نکالا،بلاول بھٹو زرداری نے 27 فروری کو عمران خان کو اقتدار چھوڑنے کی وارننگ بھی دی تھی۔۔جمعرات کو جاری بیان میں شازیہ مری نے کہاکہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھاکہ عمران خان اقتدار چھوڑ دیں ورنہ عدم اعتماد کی تحریک آئیگی۔عمران خان اپنے اتحادیوں کا اعتماد کھو چکے تھے اور مزید کہا کہ یہودیوں اور بھارتیوں سے چندہ لینے والا کہہ رہا کہ ان کے خلاف سازش ہوئی ہے۔ شازیہ مری نے کہاکہ جو شخص مودی کو جواب دینے کی ہمت نہ کرے ان کے خلاف عالمی سازش بھونڈا بیانیہ ہے اورقومی اداروں کے خلاف بیان بازی مودی کا ایجنڈا ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین کی نگہبانی کرے اور عمران خان آئین سے انحراف کر رہے تھے اس وجہ سے عدالتیں کھلیں،اگر امریکہ اور یورپ سے پاکستانی نکالے گئے تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہونگے۔