اقتدار سے چمٹے رہنے کیلیے عمران نے خطرناک کھیل کھیلا ،مریم نواز

263

لاہور (نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف نے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کی پریس بریفنگ کے بعد سابق وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے کہا ہے کہ آج تمہارے جھوٹ تار تار ہو گئے۔ اقتدار سے چمٹے رہنے کے لیے تم نے خطرناک کھیل کھیلا۔ نیشنل سیکورٹی کمیٹی(این ایس سی)جیسے سنجیدہ فورم کو سازشی ڈرامے کیلیے استعمال کیا۔ Absolutely Not کا جھوٹا نعرہ ان اڈوں کے لیے لگایاجوکبھی مانگے ہی نہیں گئے تھے۔این آر او کے لیے اسٹیبلشمنٹ کے ترلے کیے،جھوٹ بولا کہ انہوں نے آپشن دیے تھے ۔ان خیالات کااظہار مریم نواز شریف نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے تمہارے ایک ایک جھوٹ کا محاسبہ کیا جائے۔ کرسی کی خاطر قومی سلامتی سے کھیلنے کی قابل مذمت کوششوں کا محاسبہ کیا جائے، حوصلہ رکھو، اب سامنا کرنا، ہمیشہ کی طرح بھاگ نہ جانا کیونکہ یہ قوم تمہیں اب بھاگنے نہیں دے گی۔ مریم نواز نے عمران خان کو جھوٹا بھی قراردیا ہے۔