حکومت کا یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی مہنگی کرنے کا نوٹس

146

اسلام آباد (آن لائن) حکومت نے ماہ رمضان میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوے ایسی میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کی ہے کہ چینی کی قیمتوں میں اس قسم کا کوئی اضافہ نہیں ہوا جیسا کہ رپورٹس میں بتایا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ہماری مانیٹرنگ ٹیموں نے کراچی (جوڑیا بازار)، لاہور (اکبری منڈی) اور اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں کو چیک کیا اور بتایا گیا ہے کہ چینی ریٹیل پر 85 روپے فی
کلوگرام جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں 82 روپے فی کلوگرام کے ریٹ سے دستیاب ہے۔ البتہ میڈیا میں کچھ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 94 روپے میں چینی فروخت ہونے کی نشاندہی پر اسکا سختی سے نوٹس لے لیا گیا ہے اور ملوث عناصر کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے تناظر میں ایسے ملوث افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ یہاں اس امر کی وضاحت بھی ضروری ہے کہ حکومتی پالیسی کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر خریداری کیلیے شناختی کارڈ دیکھنا لازمی ہے تاکہ کثیر مقدار میں اشیائے خورونوش کی خریداری کی حوصلہ شکنی کی جا سکے اور عوام کو اشیاء رعایتی قیمتوں پر یکساں طور پر دستیاب ہوں، مختصراً ملک بھر میں بشمول یوٹیلیٹی اسٹورز پر ایک ہی قیمت، 85 روپے فی کلوگرام کے حساب سے چینی دستیاب ہے۔ حکومت پاکستان چینی اور دیگر اشیائے خورونوش کی سپلائی اور رعایتی قیمتوں پر دستیابی کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے حکم کے مطابق عوام الناس کو رمضان کے مہینے میں تمام اشیاء ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔