پشاور (اے پی پی) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 33ہنگو کی خالی نشست پر 17اپریل 2022ء کو ہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی مہم 15اپریل کوآدھی رات ختم ہوگی، پولنگ17اپریل کی صبح 8بجے شروع ہوکر شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گی، مجموعی طور پر 3لاکھ 18ہزار سے 900 سے زیادہ افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، کل 210پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں مرد حضرات کے لیے 64،خواتین کے لیے 55اور 91 مشترکہ طور پر بنائے گئے ہیں، 110پولنگ اسٹیشن حساس، 77 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں، جس کے لیے سیکورٹی کا مناسب انتظام کیا گیا ہے۔اس ضمنی الیکشن میں 5امیدواروں میں مقابلہ ہو رہا ہے جن میں اے این پی سے سعید عمر، جے یو آئی سے عبداللہ، آزاد امیدواران عتیق احمد اور محمد سعید اور پی ٹی آئی سے ندیم خان شامل ہیں۔ ضمنی الیکشن کی نگرانی کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا کے دفتر میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔