ترجمان پاک فوج کی پریس کانفرنس تازہ ہوا کا جھونکا ہے ، بلاول

314

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پاک فوج کے ترجمان کی پریس کانفرنس جمہوریت کے لیے تازہ ہوا کا ایک جھونکا ہے۔اپنے ٹویٹر پیغام میں ان کا کہنا تھاکہ نہ صرف ادارے بلکہ یہ ہر پاکستانی کی ذمے داری ہے کہ وہ جمہوریت، آئین اور قانون کی بالادستی کا ساتھ دے،پاکستان کے تمام مسائل کا حل جمہوریت، جمہوریت اور مزید جمہوریت ہے،اگر ہم جمہوری راستے پر گامزن رہے تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کی ترقی کو نہیں روک سکتی۔بلاول نے کہا کہ مسترد شدہ سلیکٹڈ عدالتوں اور دیگر اداروں پر حملہ آور ہے،عدالتوں نے بے پناہ تحمل کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہاکہ تحریک عدم اعتماد میں صدر، وزیراعظم اور ڈپٹی اسپیکر نے آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی کی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نے سیاسی فائدے کے لیے نیشنل سیکورٹی کونسل کو استعمال کیا، اب ادارے غیرجانبدار ہیں، عمران خان کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔علاوہ ازیں غیرملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں بلاول نے کہا کہ میں نے خود سیاسی زندگی کا انتخاب نہیں کیا، میرے نانا اور والدہ کے قتل کے بعد مجھے کم عمری میں سیاست میں آنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں فاشسٹ حکمرانوں کی اندھی تقلید کی جاتی ہے، اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ پاکستان کی اکثریت کو ڈکٹیٹ کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی حکومتی اتحاد کی دوسری بڑی جماعت ہیں، لیکن میرا وزیر خارجہ بننا میری پارٹی کے لیے ہضم کرنا مشکل ہوگا۔پاکستان کے مسائل کو مل کر حل کرنا ہوگا، اتحاد میں شامل جماعتوں کو جمہوریت کی بحالی، انتخابی اصلاحات، ملکی مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہم آزادانہ اور منصفانہ انتخابات چاہتے ہیں، الیکشن کے لیے انتخابی اصلاحات لانا لازمی ہیں۔سابق وزیراعظم عمران خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ عمران خان کے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اچھے تعلقات تھے، بائیڈن کے آنے، افغان انخلا کی پیچیدگیوں کے بعد سے پاک امریکا تعلقات میں مشکلات آئیں۔پاکستان کو حال ہی میں وہی تجربہ ہوا، جو امریکی عوام کو 6 جنوری کے ٹرمپ واقعے میں ہوا تھا۔عمران خان نے آئینی بغاوت کی کوشش کی، وہ پاکستانی عوام کے عمومی امریکی مخالف جذبات کا فائدہ اٹھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کے 70 فیصد سیاسی نمائندوں کو غدار قرار دے کر خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ عمران خان کو اقتدار سے ہٹانے کا ہمارا فیصلہ ان کے دورہ روس سے بہت پہلے لیا گیا تھا۔