اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب آپ نے وہ سنگین جرم کیا جسے آئین پر حملہ اور آئین شکنی کہتے ہیں۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہاکہ آپ نے بائیس کروڑ عوام اور آئین کو یرغمال بنایا جس کی سزا آرٹیکل 6 ہے ،عدالتیں اس لئے کھلیں تاکہ آئین اور قانون پر عمل ہو۔انہوںنے کہا کہ عدالتیں اس لئے کھلیں کیونکہ آپ نے عدالت سے جھوٹ بولا، عدالتیں اس لئے کھلیں تاکہ آپ کو پتہ چلے کہ ملک آئین کے تحت چلے گا آپ کے حکم اور خواہش پر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالتیں اس لئے کھلیں کیونکہ آپ نے آئین اور پارلیمنٹ کو یرغمال بنایا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب یہ ملک بائیس کروڑ لوگوں کی امانت ہے، وہ آپ کے غلام نہیں، اس لئے عدالتیں نصف شب کو کھلیں۔ انہوں نے کہا کہ دھمکیاں دینے، سوال کرنے سے زیادہ بہتر ہوگا کہ آپ قوم سے اپنے جرائم کی معافی مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ آپ کی حقیقت، کرپشن اور لوٹ مار بے نقاب ہورہی ہے اور مزید عیاں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پونے چار سال عوام کا آٹا، چینی، گھی، دوائی، بجلی، گیس، کھاد چوری کی، عوام کا پیسہ تباہ کیا، یہ ہے آپ کا جرم، عوام مہنگائی، بجلی گیس کی لوڈ شیڈنگ سے مررہی تھی، آپ کے لیکچرز جاری تھے، یہ ہے آپ کا جرم ۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کے نعرے لگا کر سیاسی مخالفین اور میڈیا کوناحق جیلوں میں ڈالا، یہ ہے آپ کا جرم۔
انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ، امربالمعروف کی مقدس اصطلاحات کو اپنی کرپشن اور ناہلی چھپانے کے لئے استعمال کیا، یہ ہے آپ کا جرم، فارن فنڈنگ کی آپ کی سازش پکڑی گئی، یہ ہے آپ کا جرم، لاکھوں ڈالر اور اربوں روپے الیکشن کمشن سے چھپائے، یہ ہے آپ کا جرم ۔
انہوں نے کہا کہ مالم جبہ، ہیلی کاپٹر، بی آرٹی، بلین ٹری سونامی کی کرپشن آپ کے جرائم ہیں، اپنے مافیاز اور کارٹلز کے ذریعے پاکستان کے عوام کو دن رات لوٹا، یہ ہے آپ کے جرائم۔انہوں نے کہا کہ عوام کا آٹا، چینی، کھاد سمگل کرائی، سستے داموں بیرون ملک بیچی اور مہنگے داموں امپورٹ کی، یہ ہے آپ کا جرم، توشہ خانے کے تحائف کو چند کروڑ کی خاطر بیچ دیا، ملک کی بدنامی کرائی، یہ ہے آپ کا جرم، اپنی سیاست کے لئے پاکستان کے قومی مفادات سے کھیلا، یہ ہے آپ کا جرم۔