کاٹی کی وزیر اعظم سے بجلی کے نرخوں میں کمی کی اپیل

222

کراچی:کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے قائم مقام صدر فرخ قندھاری نے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف سے بجلی کے نرخوں میں کمی کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف عہدہ سنبھالتے ہی معاشی چیلنج سے نبردآزما ہونے کیلئے متحرک ہو گئے ہیں

جو خوش آئند ہے۔ گزشتہ حکومت کی جانب سے بجلی کے نزخوں میں بے جا اضافہ کیا گیا جس کا نقصان صنعتوں پر براہ راست پڑاجس  کے باعث  پیداواری لاگت میں کئی گناہ اضافہ ہوگیاجبکہ  آئے روز نرخوں میں اضافہ سے صنعتکار تنگ تھے۔

قائم مقام صدر کاٹی کا کہنا تھا کہ نئی حکومت صنعتکاروں کو فوری طور پر ریلیف پہنچانے کیلئے اقدامات کرے تاکہ معیشت کا پہیہ  موثر انداز میں چل سکے۔ فرخ قندھاری کا کہنا تھا کہ پیداواری لاگت میں خاطر خواہ کمی سے برآمدی شعبہ ترقی کرے گا اور برآمد کنندگان بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان مصنوعات کو فروغ دے سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ

پاکستان میں پیداواری اخراجات خطہ میں سب سے زیادہ ہیں جس کے باعث ایکسپورٹرز عالمی منڈی میں مقابلہ کرنے سے قاصر ہیں۔ قائم مقام صدر کاٹی نے مزید کہا کہ حکومت فوری ریلیف کیلئے ترجیحی بنیادوں پر سب سے پہلے پہلے بجلی کی قیمت میں خاطر خواہ کمی کرے۔ فرخ قندھاری نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف صنعتکاروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات کریں گے

تاکہ ملکی معیشت ایک بار پھر اپنے پیروں پر کھڑی ہو سکے اور پاکستان مطلوبہ شرح نمو کا ہدف حاصل کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو معاشی طور پر خود مختار اور ترقی کیلئے پیداواری لاگت سمیت بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی ناگزیر ہے۔