لاہور(نمائندہ جسارت)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن جلد کرانے کے لیے (ن) لیگ کے رہنما حمزہ شہباز کی درخواست مسترد کردی۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب جلد کرانے کی حمزہ شہباز کی درخواست پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے مختصر حکم نامہ سنا دیا، عدالت نے درخواست مسترد کر دی۔ حمزہ شہباز نے عدالت سے الیکشن 16اپریل کے بجائے فوری کرانے کی درخواست کی تھی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کی تاریخ تبدیل کرنے اور انتخاب فوری طور پر کرانے کی استدعا مسترد کردی۔عدالت نے ہدایت کی کہ تمام فریقین غیر جانبداری کا مظاہرہ کریں اور ڈپٹی اسپیکر 16اپریل ہی کو وزارت اعلیٰ پنجاب کا انتخاب کرائیں،الیکشن کے دن 11بجے سے پہلے پہلے اسمبلی میں توڑ پھوڑ سے متاثر ہونے والے سامان کی مرمت اور درست مکمل ہوجائے۔دوسری جانب عدالت نے ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے اختیارات سلب کرنے کے خلاف درخواست منظور کر لی اور سماعت کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ نے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کے اختیارات بحال کر دیے ۔ عدالت نے کہا کہ کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، اسپیکر قانون کے مطابق 16اپریل کو وزیر اعلیٰ کا شفاف الیکشن کرائیںاور سیکرٹری پنجاب اسمبلی 15اپریل تک تمام انتظامات مکمل کریں۔کیس کی سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی نے کی۔