اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان نے منحرف اراکین کی تاحیات نااہلی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان نے تاحیات نااہلی کے لیے آرٹیکل 184 تین کی آئینی درخواست دائر کردی، سابق وزیراعظم نے درخواست ڈاکٹر بابر اعوان کے ذریعے دائر کروائی، جس میں الیکشن کمیشن، اسپیکر قومی اسمبلی، سیکریٹری قانون اور سیکریٹری کابینہ کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ قرار دیا جائے کہ منحرف اراکین کی نااہلی تاحیات ہوگی اور جو بھی رکن پارٹی کو چھوڑنا چاہتا ہے وہ پہلے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے کیونکہ پارٹی سے منحرف ہونے والے اراکین صادق اور امین نہیں رہتے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ سپریم کورٹ اپنے فیصلوں میں انحراف کو ناسور قرار دے چکی ہے، منحرف ارکان کا ڈالا گیا ووٹ گنتی میں شمار نہیں ہونا چاہیے اور ڈالا گیا ووٹ متنازعہ تصور کیا جائے، کوئی وجہ نہیں کہ منحرف ارکان کی نااہلی تاحیات قرار نہ دی جائی۔