کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف، نواز شریف کے دور 2017کی مردم شماری میں کراچی کے ساتھ کی جانے والی زیادتی و نا انصافی کا ازالہ کریں اورہنگامی طور پر نئی مردم شماری کراکے کراچی کی آبادی کو درست شمار کیا جائے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نئی حلقہ بندیاں کراکے بلدیاتی انتخابات جلد از جلد کرائے جائیں۔ جماعت اسلامی اور سندھ حکومت و پیپلز پارٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے مطابق قائم کردہ صوبائی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس فی الفور بلایا جائے اور بلدیاتی ایکٹ 2021میں معاہدے کے مطابق ترامیم کر کے کراچی میں با اختیار شہری حکومت کا نظام وضع کیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ کوٹہ سسٹم ختم کیا جائے اور وفاقی و صوبائی ملازمتوں میں کراچی کے نوجوانوں کو ان کا حق دیا جائے ، اب جبکہ وفاق اور صوبہ ایک ساتھ ہیں حکومتی اتحاد میں پیپلز پارٹی ، نواز لیگ اور ایم کیو ایم شامل ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کراچی میں تعمیر و ترقی کا سفر شروع کیا جائے اور ساڑھے تین کروڑ عوام کے گھمبیر مسائل حل کیے جائیں تاکہ ان کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔