مشکوک افراد پر نظر، مساجد کی سیکورٹی یقینی بنائی جائے ، کمشنر لاڑکانہ

179

قنبر علی خان(نمائندہ جسارت) کمشنر لاڑکانہ ڈویژن گھنور علی لغاری نے کہاہے کہ ماہ صیام کے دوران مساجد کی سیکورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ شرپسند عناصر ماہ مقدس میں امن وامان کی فضا خراب نہ کرسکیں ۔ یہ بات انہوںنے آج ڈی سی آفس قنبر میں ڈپٹی کمشنر قنبر شہدادکوٹ جاویدنبی کھوسو کے ہمراہ ضلع بھر کے افسران کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔کمشنر لاڑکانہ گھنور علی لغاری نے کہاکہ دوران نماز تراویح اور مساجد کی سیکورٹی کا معقول بندوبست کیا جائے اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ روزہ داروں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوںنے ضلع بھر کے آل اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی بازاروں میں اشیا ضروریہ کے نرخ چیک کیے جائیں زائد قیمت وصول کرنے والے گراں فروش دکانداروں کے خلا ف موقع پر کارروائی کو یقینی بنایا جائے جبکہ رمضان سستا بازار قائم کرنے کے اقدامات کیے جائیں جہاں ماہ صیام میں مناسب قیمتوں پر اشیا ضروریہ دستیاب ہوں جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز میں اشیا کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ رعایت سے عوام براہ راست مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہاکہ انجمن تاجران بھی اس بات کو یقینی بنائیں کہ رمضان المبارک میں گراں فروشی کی حوصلہ شکنی ہواور مناسب قیمتوں ٖمیں اشیا دستیاب ہوں۔ انہوںنے کہاکہ مساجد کے ارد گرد اور شہر بھر میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے تجاویزات مافیہ کے خلاف کارروائی کی جائے احکامات کی انجام دہی میں غیر سنجیدہ افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ تمام ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل جائیں۔