قاسم سوری اسپیکر کے عہدے کا اخلاقی جواز کھو چکے ‘شازیہ مری

218

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کی سیکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ قاسم سوری اسپیکر کی کرسی پر بیٹھنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل (7)53 کے (c) کے تحت ڈپٹی اسپیکر کے خلاف8 اپریل کو عدم اعتماد کی قرارداد جمع ہوچکی ہے۔ قانونی طور پر عدم اعتماد کی قرارداد7 روز بعد اجلاس کے ایجنڈے پر آنی چاہیے۔ اسمبلی کے رول (3) 12 کے مطابق7 روز مکمل ہونے پر اجلاس کے پہلے دن قرارداد کے علاوہ ایجنڈے پر مزیدکچھ نہیں ہو سکتا۔ ڈپٹی اسپیکرکو کرسی پر بیٹھ کر سیاسی مفاد کے بجائے آئین کی پاسداری کرنی چاہیے۔ شازیہ مری نے کہا کہ اب تک نئے اسپیکر کے لیے کاغذات نامزدگی کا اعلان نہیں ہوا۔ قاسم سوری16 اپریل کو اجلاس کی صدارت نہیں کر سکتے۔ قاسم سوری کو چاہیے کہ فوری طور پر نئے اسپیکر کے الیکشن کا شیڈول جاری کریں۔16اپریل کے اجلاس میں قاسم سوری کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد پیش ہونی ہے۔شازیہ مری نے کہاکہ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری پہلے بھی آئین شکنی کر چکے ہیں، لہٰذا دوبارہ آئین توڑنے کی کوشش بھی نہ کریں۔