اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، عمران خان سڑکوں پر رلتارہے گا۔ شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایل این جی کیس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ اس حکومت کو کرنا پڑے گا کہ جب تک یہ نیب ہے کوئی سرکاری افسر کام نہیں کرے گا، کیونکہ جو ظلم نیب نے موجودہ چیئرمین جاوید اقبال کے دور میں کیے ہیں اس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی، میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ نیب کی عدالتوں میں اور اس کی تفتیش میں کیمرے لگائیں تاکہ پاکستان کے عوام کو پتا چلے کہ یہ تماشا کیا ہے، میں آج بھی کہتا ہوں کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے خلاف جو کیس ہیں وہ چلیں، عدالتوں میں کیمر ے لگیں اور پاکستان کے عوام کو بتایا جائے کہ کون سی کرپشن ہوئی ہے لیکن آج نیب کا صرف ایک حل ہے کہ اس کو ختم کرکے اس کے جو اہلکار ہیں، جنہوں نے لوگوں کو لوٹا ہے ، ظلم کیے ہیں ان کا احتساب کیا جائے۔ نیب کا چیئرمین یہ بتائے کہ اس نے اپنے دور کے اندر اور گزشتہ23سال میں نیب نے کتنے سیاستدانوں کو پکڑا ہے ، کیابرآمدگی ہوئی ہے اورکون سے مجرم کہلائے ہیں، کیونکہ نیب کا چیئرمین وہ آدمی ہے جو مکمل طور پر عمران خان کے قبضے میں تھا۔