لاہور چیمبرکی سابق صدر شہباز شریف کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد

199

لاہور(کامرس ڈیسک)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اپنے سابق صدر شہباز شریف کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے لاہور چیمبر کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ شہباز شریف کا وزیراعظم پاکستان منتخب ہونا کاروباری برادری کے لیے حوصلہ افزا ہے، امید ہے کہ شہباز شریف قومی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے پاکستانی عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے اور ان کی قیادت میں پاکستان معاشی ترقی، جمہوریت کے استحکام اور خارجہ تعلقات کے حوالے سے شاندار کامیابیاں حاصل کرے گا۔انہوں شہباز شریف وزیراعظم پاکستان کی حیثیت ذمہ داریاں نبھاہنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، لاہور چیمبر ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے حکومت سے ہر ممکن تعاون کرے گا۔لاہور چیمبر کے عہدیداران نے کہا کہ پاکستان کے نئے وزیر اعظم کو معاشی ترقی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کرنا ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حال ہی میں وفاقی بجٹ 2022-23 کے لیے اپنی سوچی سمجھی تجاویز جاری کی ہیں جو کہ بجٹ دستاویز کا حصہ ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی ، بڑھتے ہوئے قرضے، ٹیکسوں کے مسائل، زرعی شعبے کی مشکلات، لارج ا سکیل مینوفیکچرنگ سیکٹر کی توقع سے کم شرح نمو، توانائی کی زیادہ قیمتیں، بیوروکریسی کی رکاوٹیں اور صلاحیت سے کہیں کم برآمدات معاشی ترقی کی راہ میں حائل بڑی رکاوٹیں ہیں جنہیں دور کرنا ہوگا۔