شہدائے ماڈل ٹاؤن کیلیے انصاف مانگتے رہیں گے، طاہر القادری

322

کراچی(اسٹاف رپورٹر)تحریک منہاج القرآن کے بانی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ اقتدار میں وہ لوگ آگئے ہیں جو ہمارے بے گناہ کارکنان کے قاتل ہیں اور دوسری طرف اقتدار سے بے دخل ہونے والے وہ لوگ ہیں جنہوں نے شہید کارکنوں کے انصاف کے لیے رتی برابر تعاون نہیں کیا بلکہ حال تک نہیں پوچھا۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا انصاف ہمارے ایمان کا حصہ ہے اس سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ حصول انصاف کے لیے آخری سانس تک قانونی چارہ جوئی جاری رہے گی اور عدلیہ سے انصاف مانگتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے قبل شہدا کے انصاف کے لیے عمران خان ہمارے ساتھ تھے، تحریک بھی چلی، احتجاج بھی ہوئے مگر اقتدار میں آ کر وہ شہدا کے انصاف سے ایسے بیگانہ ہوئے جیسے یہ واقعہ ہوا ہی نہیں ہے۔موجودہ سیاسی صورت حال کے تناظر میں کارکنان اور مرکزی ذمے داران کو پالیسی گائیڈ لائن دیتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ کارکن اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس کسی سیاسی لڑائی،جھگڑے کا حصہ نہ بنیں۔