کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کراچی کو اون کریں اور کراچی آمد پر شہر کے تمام چھوٹے ‘ بڑے ، اہم اور نامکمل منصوبوں کو جلدمکمل کرنے کا اعلان کریں۔
حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نورحق میں منگل کے روز ملکی موجودہ صورتحال اور کراچی کے مسائل کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر نئی مردم شماری کروانے کے احکامات جاری کریں، کوٹہ سسٹم ختم کریں کراچی تا حید رآباد نئی موٹر وے بنائی جائے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کر کے اس کا فارنزک آڈٹ کروایاجائے اور کلاء بیک کی مدکے 45ارب روپے عوام کو واپس کیے جائیں ،کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے لیے 65کروڑ گیلن پانی کا منصوبہ K-4فوری مکمل کروایا جائے۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ ادھورے گرین لائن سمیت ماس ٹرانزٹ منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے ،پیپلزپارٹی آئین کے آرٹیکل 14-Aاور سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق بلدیاتی نظام میں تبدیلی کے لیے اسمبلی کااجلاس بلائے اورجماعت اسلامی کے ساتھ جن مطالبات کی منظوری پر اتفاق ہوا تھا ان تمام کو اسمبلی سے فوراًپاس کروایا جائے۔
حافظ نعیم الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ ہم کسی صورت بھی جعلی اور غلط مردم شماری کو قبول نہیں کریں گے، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے اپنے اپنے دور حکومت میں کے الیکٹرک کو مکمل سپورٹ کیاجس کی وجہ سے ادارہ مافیا کی شکل اختیار کرتا چلاگیا،گرین لائن جسے مسلم لیگ ن کہتی ہے کہ یہ ہمارا منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ گرین لائن منصوبہ کو مکمل کیا جائے، اس کے علاوہ ماس ٹرانزٹ پروگرام پر کام جلد شروع کیا جائے،سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے کے فور منصوبہ پیش کیا تھا۔ 17 سال گزرگئے آج تک کراچی کے عوام کے لیے ایک بوند پانی کا اضافہ نہیں ہوا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ نومنتخب وزیر اعظم پاکستان کراچی ضرور آئیں لیکن کراچی کو اون بھی کریں اور کراچی کے تمام پروجیکٹ مکمل کریں،ہم پی ٹی آئی سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ آپ نے کراچی کا کون سا منصوبہ مکمل کیا ؟