پاکستانی برآمد کنندگان چینی مارکیٹ میں دستیاب مواقع سے استفادہ کریں، کاشف اشفاق

148

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان فرنیچر کونسل نے پاکستانی برآمد کنندگان پر زور دیا ہے کہ وہ چینی مارکیٹ میں دستیاب مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی مصنوعات کو بین الاقوامی اسٹینڈرڈز کے مطابق بنانے کو اولین ترجیح دیں۔ یہ بات اتوار کو چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایف سی میاں کاشف اشفاق نے اشتیاق احمد موتیانوالی سرکار کی قیادت میں برآمد کنندگان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ چین کو برآمدات میں حالیہ اضافہ حوصلہ افزا ہے، یہ پاکستان کے لیے دوسری بڑی برآمدی منڈی ہے اور حکومت صنعت کاری کو فروغ دے کر چین کو برآمدات کو مزید فروغ دینے کے لیے ہرممکن کوشش کر رہی ہے جبکہ تاجر برادری کو خصوصی سبسڈی فراہم کی جارہی ہے اور حکومت پاکستان چینی حکومت اور کاروباری اداروں کے ساتھ مل کر چینی مارکیٹ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے کیونکہ برآمدات اور درآمدات دونوں میں اضافہ ہو رہا ہے، یہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو ( بی آر آئی) منصوبوں کے لیے چین کے عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی حجم اس بات کا مظہر ہے کہ چین پاکستان کو غیر مشروط مدد فراہم کرنا چاہتا ہے اور پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے اس سے مزید درآمدات کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین آنے والے طویل عرصے تک پاکستان کی سپورٹ جاری رکھے گا کیونکہ چین کی اس غیر مشروط سپورٹ کو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستانی برآمد کنندگان کو اس موقع سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کی جانے والی اہم اشیامیں الیکٹرانکس، ٹیکسٹائل، سمندری خوراک، چمڑے کی مصنوعات اور زرعی مصنوعات کے حجم میں سال بہ سال اضافہ ہوا ہے۔