لاہور:سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ جدوجہد تو اب شروع ہوئی ہے ، ہم نے لمبی اننگز کھیلنی ہے یہ میرا تھن ہے ،پورے ملک میں جلسوں کا شیڈول ترتیب دیا جارہا ہے اور میں عمران خان کے ساتھ ملک کے کونے کونے میں جاﺅں گا اور ہم اپنی عوام کو کھڑا کریں گے۔
اسد قیصر نے کہا کہ جب سے تحریک انصاف کا وجود عمل میں آیا میں اس وقت سے عمران خان کے ساتھ ہوں ، ہم نے اچھے اور برے دن اکٹھے دیکھے ہیں،ہم انتخابات میں گئے اور شکست کھائی لیکن اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑے رہے ۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کے ساتھ کھڑے رہنے کی ایک ہی وجہ ہے کہ وہ پاکستان کو اسلامک ماڈرن ویلفیئر اسٹیٹ بنانا چاہتے ہیں،و ہ ایسا خود مختار ملک چاہتے ہیں جسے کوئی طاقت ڈکٹیشن نہ دے ،پاکستان اپنی پالیسیوں میں آزاد ہو،پاکستان اپنی مفادات کے مطابق پالیسی بنائے اس کی اپنی آزاد خارجہ پالیسی ہو گی۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہم نے اس کی بنیاد پر جدوجہد کی ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ خود داری کی بات کی ، انہوں نے ہمیشہ دنیا کے سامنے اورقوم کے ساتھ کیاوعدہ کیا کہ میں خود کسی کے سامنے جھکوں گا نہ قوم کو جھکنے دوں گا اور ہم نے ثابت بھی کر دیاہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے جو ڈرامہ رچایا وہ قوم کے سامنے آ گیا ہے ،میں خود اس کی تفصیلات دیکھ چکا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے عمران خان کو پیشکش کی کہ میں آپ سے پہلے استعفیٰ دوں گا ، اگر عمران خان نہیں رہے گا تو اسد قیصر بھی نہیں رہے گا۔