لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مونس الٰہی کا کوئی رکن فون نہیں اٹھانا چاہتا تو اس میں ہمارا کیا قصور؟ نگراں وزیراعلیٰ عثمان بزدار آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری کا ٹرانسفر کرنے کے مجاز نہیں، حمزہ شہباز کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج، فائلیں، فرح باجی اور بزدار کے سب کارنامے سامنے لائیں گے، فرح باجی کے معاملات، اختیار کا ناجائز استعمال اور فراڈ پر اب گھبرانا نہیں ہے، میری ذاتی رائے ہے نیب کا 90 روز کا ریمانڈ رہنا چاہیے تاکہ عمران خان کو بھی پتا چلے۔ گزشتہ روز لاہور کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ ہماری طرف سے کسی پر بھی ملنے کوئی پابندی نہیں، ہوٹل کے کمرے میں کسی کو ملنے کی اجازت نہیں ہے لیکن ہال میں آکر بات کرسکتا ہے، عمران نیازی کا ٹرمپ کارڈ جیب میں رہ گیا پی ٹی آئی ممبرز نے استعفوں سے انکار کر دیا ہے، عمران خان کی بھارت سے محبت ان کا تازہ یوٹرن ہے۔