واپڈا نے قومی نیٹ بال چمپئن شپ کے ٹائٹلز جیت لیے

484

نیٹ بال کا کھیل بھی دیگر کھیلوں کی طرح دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے اس کھیل کو زیادہ تر خواتین بہت شوق سے کھیلتی ہیں۔ یہ آسٹریلین کھیل ہے اور پاکستان میں اس کھیل کی ترقی کے لئے پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کوشاں ہے۔ پاکستان نے اس کھیل میں بین الاقوامی سطح پر کئی میڈلز حاصل کر رکھے ہیں۔ گزشتہ دنوں پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام وفاقی دارالحکومت کے اسپورٹس کمپلیکس میں قائم لیاقت جمنازیم میں کھیلی گئی قومی نیٹ بال چیمپین شپ میں مردوں اور خواتین کے دونوں ٹائٹلز پاکستان واپڈا نے لگا تار تیسری مرتبہ جیت کر اپنی ہیٹ مکمل کرلی۔ مردوں کے ایونٹ میں پاکستان واپڈا نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ پاکستان آرمی اورپاکستان نیوی کی ٹیمیں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔خواتین کے ایونٹ میں پاکستان واپڈا نے چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ ہائرایجوکیشن کمیشن اور پاکستان آرمی نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انٹر سکولز اینڈ کالجز گرلز انڈر 17 چیمپئن شپ کے مقابلوں میں سٹی سکول پی ایف چیپٹر کراچی نے پہلی پوزیشن جبکہ دانش سکول راجن پور نے دوسری اور دانش سکول میانوالی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کرنل ریٹائرڈ آصف زمان تھے۔ جہنوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کئے۔ اس موقع پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال، صدر مدثر آرائیں، نائب صدر و پاکستان واپڈا سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل محمد مشرف خان، سیکرٹری جنرل گوہر رضا، ایسوسی ایٹ سیکرٹریز محمد ریاض اور رانا تنویراحمد اور پاکستان نیوی کے مہر محمد ساجدکے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ اختتامی تقریب سے قبل کھیلے گئے چیمپئن شپ کے مردوں کے فائنل میچ میں پاکستان واپڈا نے پاکستان آرمی کو ایک سخت مقابلے کے بعد 23-24 گول سے شکست دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا اور تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان نیوی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو 30-22 سے ہرا دیا۔ خواتین کے ایونٹ میں پاکستان واپڈا نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو 22-11 سے شکست دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا اور تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان آرمی نے سندھ کو ایک سخت مقابلے کے بعد 18-15 سے ہرادیا۔ اس موقع پر پاکستان ایس ایس کے منیجنگ ڈائریکٹر ظاہر شاہ اور اسلام آباد نیٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جاوید نواز بنگش مہمانان خصوصی تھے جبکہ انٹر سکولز اینڈ کالجز گرلز انڈر 17 چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں سٹی سکول پی اے ایف چیپٹر کراچی نے دانش سکول راجن پور کو 20-16 سے ہرا دیا۔اس موقع پر اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے اینئر نائب صدر ڈاکٹر تنویراحمد مہمان خصوصی تھے۔تیسری کے میچ میں دانش اسکول میانوالی نے حبیب گرلز کراچی کو 8-5 سے ہرا دیا۔چیمپین شپ کا افتتاح پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں نے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل ، پاکستان نیٹ بال فیڈریشن سید گوہر رضا اور مانیا فٹ بال کلب سوات کے صدر حاجی نواب کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی،چیمپئن شپ کے افتتاحی روز کھیلے گئے مینز کے ایونٹ میں واپڈا، آرمی، نیوی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیموں نے اپنے، اپنے حریفوں کو شکست دی، خواتین کے میچز میں واپڈا، سندھ، آرمی، پنجاب، ہائرایجوکیشن کمیشن اور آزاد جموں و کشمیر نے بھی اپنے، اپنے میچز جیت لئے اور اسی طرح انٹرسکولز اینڈ کالجز گرلز انڈر 17- کے مقابلوں میں سٹی سکول پی اے ایف چیپٹر کراچی، فوجی فا?نڈیشن، دانش سکول راجن پور، دانش سکول میانوالی، کائنات سکول اور حبیب سکول نے بھی اپنے، اپنے میچز میں کامیابی حاصل کی،بین الصوبائی نیٹ بال چیمپئین شپ میں مردوں ٹائٹل پنجاب اور خواتین کا سندھ نے جیت لیا ۔بین الصوبائی نیٹ بال چیمپئین شپ میں مردوں ٹائٹل پنجاب اور خواتین کا سندھ نے جیت لیا۔ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے نائب صدر ایس ایم انعام الحق مہمان خصوصی تھے ۔ لیاقت جمنازیم اسلام آباد میں کھیلی گئی بین الصوبائی نیٹ بال چیمپئین شپ میں مردوں کے ایونٹ میں پنجاب نے کامیابی حاصل کی جبکہ سندھ اور گلگت بلتستان کی ٹیموں نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس طرح خواتین کے مقابلوں میں سندھ نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ پنجاب اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔ مردوں کے فائنل میچ میں پنجاب نے سندھ کو ایک سخت مقابلے کے بعد 26-24 گول سے ہرا کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا ۔

p