عمران خان سمیت کئی رہنماؤں پر مقدمات مابنتے دیکھ رہا ہوں،شیخ رشید

129

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وہ عمران خان سمیت کئی رہنماؤں پر مقدمات بنتے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے خصوصی بات چیت میں کہا کہ ادارے نیوٹرل ہیں لیکن بہت عرصے تک نیوٹرل نہیں رہ سکتے‘ میں اسمبلی میں جھاڑو پھرتی دیکھ رہا ہوں‘ موجودہ بحران کا حل صرف الیکشن ہیں‘حالات تشویشناک اور پریشان کن ہیں، اس کا نتیجہ کچھ بھی نکل سکتا ہے جو لوگ غلط فہمی میں ہیں یہ اندھے خواب دیکھ رہے ہیں‘ وہ آنکھیں کھولیں، یہ لڑائی ختم ہونے والی نہیں‘ اس کا انجام کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آخر میں الیکشن کرانا ہوں گے کیونکہ شفاف الیکشن پاکستان کی ضرورت ہیں‘ اپوزیشن کو بھی شفاف الیکشن کی طرف جانا چاہیے‘ عمران خان سمیت کئی رہنماؤں پر مقدمات بنتے دیکھ رہا ہوں‘عمران خان کو کہہ چکا ہوں آخری آپشن ہے، استعفا دے دیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کہتے رہے استعفا دے دو، اسمبلی توڑ دو، ایمرجنسی لگادو، گورنر راج لگادو، کہ اس وقت بھی وہ ٹھیک تھے اور آج بھی کہتے ہیں ہمیں یک زبان ہو کر مستعفی ہوجانا چاہیے۔