میرپورخاص، زرداری ہائوس میں جشن و مٹھائیوں کی تقسیم

215

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) عدالتی فیصلے کے بعد پیپلزپارٹی کے کارکنوں کی جانب سے جشن منایا گیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، بلاول زرداری کی ہدایت پر پیپلز یوتھ، پی ایس ایف اور دیگر کی جانب سے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، پیپلزپارٹی کی جانب سے سٹی آفس میں تقریب منعقد کی گئی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے۔ تفصیلات کے مطابق عدالت عظمیٰ کی جانب سے وزیر اعظم اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے غیر آئینی فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے تاریخ ساز فیصلے کے بعد پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں پیپلزپارٹی کی جانب سے سٹی آفس میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی میر حسن دھونکائی، عبدالسلام میمن، امیر جان بلوچ، سٹی کے صدر حنیف میمن، ارشد کریم جیلانی، شمیم جھنڈیر اور دیگر عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے، سپریم کورٹ اور بلاول زرداریکے حق میں شدید نعرے بازی کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کو آئین، جمہوری اور قوم کی جیت قرار دیا پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے سینئر نائب صدر ماجد جان لاشاری اور پی ایس ایف کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری ساجد جان لاشاری کی جانب سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کی ہدایت زرداری ہائوس والکرٹ میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں نوابزادہ میر بابو تالپور، سابق رکن سندھ اسمبلی خیرانسا مغل اور پارٹی عہدیداروں و کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ افطار و ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد عوام اور آئین کی فتح ہوئی ہے اور ایک ڈکٹیٹر اور سلیکٹڈ کو عبرت ناک شکست ہوئی ہے اور عدالت عظمیٰ کے فیصلے کو تاریخ میں سنہری الفاظ سے لکھا جائے گا۔ اس موقع پر خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا ۔دریں اثنا پیپلزپارٹی کے ضلعی رہنما شاہنواز مغل،اسحاق ناریجو اور دیگر نے پریس کلب پہنچ کر صدر نذیر پہنور اور دیگر صحافیوں کو مٹھائی پیش کی۔