اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کے مطالبے پر پیش کردہ تحریک عدم اعتماد کل پاکستان کو مایوسیوں اور مسائل کے اندھیروں سے نکالنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ پاکستان کو اجتماعی دانش، یک جہتی اور اتفاق رائے کے مرہم کی ضرورت ہے۔ اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ہم ایک قوم بن کر مسائل کے طوفانوں کا زور توڑیں گے، معیشت کو درست سمت میں استوار کرکے مہنگائی کے ستائے عوام کی دادرسی کرنی ہے، روزگار کی فراہمی سے غریبوں کے چولہے پھر سے جلانے ہیں۔ عالمی سطح پر پاکستان کے مقام اور تعلقات کو قومی وقار اور مفادات کی بنیاد پر بحال کرنا ہے۔ قیادت کا امتحان ہی مشکل ترین حالات میں ہوتا ہے، پاکستان اس امتحان میں سرخرو ہوگا۔