عمران خان کو کرکٹ بورڈ کا چیئرمین لگا سکتے ہیں، ناصر حسین

140

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے ایک تاریخ ساز فیصلے سے ملک کے وقار میں اضافہ ہوا، یہ فیصلہ بادشاہت کے خاتمے اور جمہوریت کے استحکام کا فیصلہ تھا، ملکی تاریخ میں پی ٹی آئی نے بدترین حکمرانی کی، پی ٹی آئی نے ایسا اقدام اٹھایا کہ ان کے اٹارنی جنرل نے بھی اس کا دفاع کرنا مناسب نہیں سمجھا، اگر عمران خان کہیں تو ہم ان کو نئی حکومت میں کرکٹ بورڈ کا چیئرمین لگانے کا سوچیں گے، عمران خان کے پاس اب استعفا دینے کے علاوہ اور کوئی سرپرائز نہیں ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی بحالی سے روپے کی قدر بہتر ہوئی، عمران خان یونین کونسل کے لیڈر بھی نہیں اور کہتے ہیں ان کے خلاف عالمی سازش ہے۔ ناصر شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بار بار آئین شکنی کی، اب تحریک انصاف کا نام تبدیل کرکے تحریک آئین شکنی رکھا جائے، پی ٹی آئی کے پیکا آرڈیننس کو بھی عدالتوں نے ختم کردیا، فواد چودھری اور ان کی جماعت کس منہ سے آکر میڈیا پر بات کرتے ہیں پی ٹی آئی تو ضلعی کونسل میں بھی رکھنے کے قابل نہیں مگر بدقسمتی سے ملک ان کے حوالے ہوگیا۔