اسلام آباد: سپریم کورٹ میں آئندہ عدالتی ہفتے کے دوران اہم مقدمات کی سماعت کےلئے بینچ تشکیل دے دیئے ہیں ۔ آئندہ عدالتی ہفتے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت،اسلام آباد میں بلند سیاحتی مقام پرقائم ہوٹل منال کوسیل کرنے کے حوالے سے مقدمہ اور ای او بی آئی کرپشن کیس کی سماعت کرے گی۔
چیف جسٹس عمر عطابندیال نے گیارہ اپریل سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے مقدمات کی سماعت کےلئے چھ بینچ تشکیل دیئے ہیں۔ جو اسلام آباد میں مقدمات کی سماعت کرینگے۔ عدالت عظمی کی جانب سے جاری روسٹر کے مطابق بینچ نمبر ایک چیف جسٹس عمر عطابندیال، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عائشہ اے ملک پر مشتمل ہے، بینچ نمبر دو جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اور جسٹس یحییٰ آفریدی جبکہ بینچ نمبر تین میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس محمد علی مظہرشامل ہیں۔
روسٹر کے مطابق بینچ نمبر چار جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی شامل ہیں۔ بینچ نمبر پانچ جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس امین الدین خان جبکہ بینچ نمبر چھ جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل ہے۔ چیف جسٹس عمرعطابندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ بدھ کو ای او بی آئی کرپشن کیس جبکہ جمعرات کو سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت کی سماعت کرے گا ۔جسٹس مظہر عالم میاں خیل کی سربراہی میں بینچ نمبر پانچ کے روبرو اسلام آباد میں بلند سیاحتی مقام پرقائم ہوٹل منال کوسیل کرنے کے حوالے سے مقدمہ کی سماعت جمعہ کے روز ہوگی۔