تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے ادارے نے جوہری پروگرام سے متعلق جو بھی دستاویزات طلب کی ، ہم نے وہ سب فراہم کر دی ہیں۔ تہران کو توقع ہے کہ بین الاقوامی ادارہ اب غیرعلانیہ مقامات کی تفتیش بند کر دے گا۔ دوسری جانب عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ ایران نے سینٹری فیوجز میں استعمال ہونے والے پرزے بنانے کی مشینیں نطنز کے پلانٹ میں منتقل کردی ہیں۔ سینٹری فیوج وہ مشین ہے ، جس کے ذریعے خام یورینیم کو اعلیٰ سطح پر افزدہ کیا جاتا ہے تاکہ اسے جوہری ری ایکٹر کے قابل بنایا جا سکے۔