اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ ہم نے آئین شکنی نہیں کی، آئین کا حلف لیا ہے، آرٹیکل 69 نے اسپیکر کی رولنگ کو تحفظ دیا ہے۔عدالت عظمیٰ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آرٹیکل 69 کی روح ہے کہ پارلیمنٹ کے معاملات پارلیمنٹ میں رہنے چاہئیں،اسپیکر کی رولنگ فائنل ہوتی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے آئین کے مطابق ریاست کے ہر عضو کی اپنی ذمے داری ہے، آئین بنانے والوں نے بڑا واضح موقف دیا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ ڈپٹی اسپیکر نے آئین شکنی کی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 69 نے اسپیکر کی رولنگ کو تحفظ دیا ہے ، ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ نئی صورت حال سامنے آئی ہے جسے سامنے رکھا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم جوڈیشل انکوائری کی گزارش کر سکتے ہیں،اگر جوڈیشل انکوائری ہوتی ہے تو میرے 7 سوال ہیں۔