بیجنگ: چین کی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ نے چین کے تائیوان کے علاقے کو ہتھیار فروخت کرکے چین کے اندرونی معاملات میں زبردست مداخلت کی ہے، اور چین کی خود مختاری اور سلامتی کے مفادات کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
جمعرات کے روز چینی میڈیا کے مطا بق ترجمان نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ چین امریکہ پر زور دیتا ہے کہ وہ تائیوان کو ہتھیاروں کی فروخت کا مذکورہ بالا منصوبہ فوری طور پر واپس لے اور امریکہ اور تائیوان کا فوجی رابطہ روک دے، تاکہ دونوں ممالک اور دونوں فوجوں کے درمیان تعلقات کو مزید نقصان پہنچنے سے بچایا جا سکے۔
چینی پیپلز لبریشن آرمی کسی بھی قسم کی بیرونی مداخلت اور “تائیوان کی علیحدگی” کی کوششوں کو ناکام بنانے اور قومی اقتدار اعلیٰ اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی۔ واضح رہے کہ امریکی محکمہ دفاع کی ڈیفنس سیکیورٹی کوآپریشن ایجنسی نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ نے تائیوان کو 95 ملین ڈالر کی فوجی ٹیکنالوجی اور متعلقہ آلات فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔