اسلام آباد(نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے کچھ ساتھیوں کا آئین اور قانون کے دفاع میں نیازی کے خلاف کھڑا ہونا خوش آئند ہے۔شہباز شریف نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کی ہوس نے نیازی اور اس کے بچے کچھے حواریوں کو ذہنی طور پر مکمل طور پر مفلوج کر دیا ہے۔ تحریک انصاف کے کچھ ساتھیوں کا آئین اور قانون کے دفاع میں نیازی کے خلاف کھڑا ہونا خوش آئند ہے، آئیں ہم سب آئین اور قانون کی حفاظت اور پاسداری کے لیے یکجا ہو جائیں!۔علاوہ ازیں ایک بیان میں شہباز شریف نے معاشی دیوالیہ پن کی اطلاعات پر خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کی خبریں عالمی میڈیا سے آرہی ہیں جو اضطراب اور پریشانی کا باعث ہیں،اصل خطرہ یہ ہے کہ خدانخواستہ ملک ڈیفالٹ کرگیا تو کیا ہوگا؟شہباز شریف نے خبردار کیا کہ خدانخواستہ ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہوا تو اس کے ذمہ دار عمران نیازی ہوں گے،معاشی طور پر ہم تباہ ہوگئے تو کسی کو کوئی عالمی سازش کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، اصل سازش اندر سے حکومت کرچکی ہے،معاشی ماہرین اور عالمی پیش گوئیاں ہورہی ہیں کہ عدم استحکام جاری رہا تو ڈالر200 روپے سے اوپر چلا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت186 روپے سے اوپر جارہی ہے جو ملک کے لیینیک فال نہیں، اس کے نتیجے میں جو خطرناک صورتحال جنم لے گی، وہ ہماری ہنگامی توجہ کی مستحق ہے،معاشی صورتحال کے پیش نظر آنے والے دنوں میں مہنگائی کی قیامت مزید بڑھ جائے گی، خدانخواستہ ملک کی معاشی سلامتی خطرات سے دوچار ہوئی تو اس کا ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔