لاہور(نمائندہ جسارت+آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز 199ووٹ لے کر پنجاب کے علامتی وزیراعلیٰ بن گئے جبکہ مریم نواز نے انہیں مبارکبا د بھی دیدی ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزنجی ہوٹل میں ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہو ا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے چنائو کے لیے ووٹنگ ہو ئی ۔اجلاس میں حمزہ شہباز شریف کو وزیراعلیٰ بنانے کی قرارداد پیش کی گئی۔علامتی اجلاس میں 199افراد نے قرارداد کی حمایت کی۔اس سلسلے میںاپوزیشن کے ارکان اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے مقامی ہوٹل پہنچے ۔اجلاس میں مریم نواز خصوصی طور پر حمزہ شہباز سے اظہار یکجہتی کے لیے شریک ہوئیں۔اس سے پہلے وہ گلبرگ سے اے سی کو چ پر سوا ر ہوکر حمز ہ اوردیگر کے ساتھ ہوٹل پہنچیں اور بس میں حمزہ کے ساتھ وڈیو بناکر بھی سوشل میڈیاپر شیئر کی۔اجلاس میں ترین ،علیم خان اور اسد کھوکھر گروپ سمیت پی ٹی آئی کے دیگر ناراض ارکان بھی موجود تھے۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری نے کی ۔ اجلاس میں قرارداد پاس ہونے پر مریم نواز نے حمزہ شہبازکو مبارکباد دی۔ اس دوران حمزہ کو مبارکباد دیتے ہوئے مریم نواز آبدیدہ ہوگئیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں مریم کا کہنا تھاکہ یہ فتح کے آنسو ہیں، خوشی کے آنسو ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ بہت جلد نواز شریف واپس آ رہے ہیں۔