حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب

1649
United Opposition

لاہور: متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ اسمبلی کے اجلاس میں حمزہ شہباز 199 ووٹ لے کر پنجاب کے علامتی وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کو خاردار تاروں سے سیل کرنے کے بعدمتحدہ اپوزیشن کی جانب سے مقامی ہوٹل میں علامتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، مریم نواز اور دیگر ارکان بس میں سوار ہوکر ہوٹل پہنچے جہاں پر حمزہ شہباز کے وزارت اعلیٰ کے امیدوار کی قرارداد اکثریت سے منظور کر لی گئی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے حمزہ شہباز سے اظہار یکجہتی کیلئے پنجاب اسمبلی جانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد وہ مقامی ہوٹل پہنچیں، اجلاس میں حمزہ شہباز کو بطور وزیراعلیٰ 199 ووٹ ملے جبکہ پینل آف چئیرمن کا ایک ووٹ پلس ہوا، مخالفت میں کوئی بھی ووٹ نہیں پڑا، اجلاس کی صدارت چیئرمین پینل کی رکن شازیہ عابد نے کی، اجلاس میں مسلم لیگ ن کی تمام خواتین ارکان نے بھی شرکت کی۔

 

لاہورکے مقامی ہوٹل میںمنعقدہ متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں ن لیگ،علیم خان گروپ، ترین گروپ اور چھینہ گروپ کے اراکین بھی پہنچے۔اس موقع پر ترین گروپ کے عون چوہدری بھی نجی ہوٹل پہنچے اور ان کا کہنا تھا کہ جہانگیرترین دو تین روز میں پاکستان پہنچ جائیں گے۔اجلاس میں شرکت کے لئے نون لیگ کے اراکین میں بلال یایسن، خواجہ عمران نذیر، رانا مشہود، غزالی بٹ، رانا محمد اقبال، میاں مرغوب احمد، میاں مجتبیٰ شجاع ، منشاء اللہ بٹ، خلیل طاہر سندھو، ملک ندیم کامران بھی شریک ہوئے۔