سپریم کورٹ کے باہر فواد چوہدری اور صحافی میں تلخ کلامی

397

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا سپریم کورٹ کے باہر صحافی کے ساتھ  تلخ کلامی ہوگئی ہے،تلخ کلامی کے بعد صحافیوں نے پی ٹی آئی رہنمائوں کی میڈیا ٹاک کا بائیکاٹ کردیا۔

اسلام آباد سپریم کورٹ آف پاکستان کے باہر پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے درمیان فواد چوہدری اور صحافی میں تلخ کلامی ہو گئی۔ تلخ کلامی اس وقت ہوئی جب سینئر صحافی مطیع اللہ جان نے سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے سوال کیا کہ فرح خان کیوں ملک چھوڑ کر بھاگ گئی ، تو اس پر فواد چوہدری نے انہیں کمانڈو کہا اور پھر کہا کہ اس طرح کے لوگ کرائے پر آتے ہیں جس پر مطیع اللہ جان اورفواد چوہدری کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی۔

فواد چوہدری کا مطیع اللہ جان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ سامنے سے ہٹو تم کرائے کے آدمی ہو، صحافی ہو تم کرائے کے ٹٹو ۔ تلخ کلامی کے بعد صحافیوں نے پی ٹی آئی رہنمائوں کی میڈیا ٹاک کا بائیکاٹ کردیا اور ٹی وی چینلز کے مائیک ڈائس سے ہٹا دیئے۔

مطیع اللہ جان نے فواد چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے کہ معافی مانگو تم نے کس کو کرائے کا ٹٹو کہا ہے تم خود کرائے کے نہیں ہو۔ اس موقع پر صحافیوں نے فواد چوہدری سے معافی کا مطالبہ کیا اور آزادی صحافت کے حق میں نعرے بھی لگائے جبکہ صحافیوں کی جانب سے بار، بار سوال کیا گیا کہ فرح خان کیوں بھا گ گئی ۔