اسلام آباد:مسلم لیگ( ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فرح گجر باہر گئی نہیں بلکہ انہیں عمران خان نے باہر بھگایا ۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو بھاگ رہے ہیں ان کا سوال ہم سے کریں،
آئین کے اوپر حملہ کرنے والے ریاستی طاقت استعمال کرکے کرسی سے چمٹے ہیں، 22 کروڑ عوام کی نظریں اس وقت سپریم کورٹ پر ہیں، سپریم کورٹ میں آئین شکنوں کی سماعت چل رہی ہے، آئین پر حملہ کرنے والے ریاستی طاقت استعمال کر کے کرسی سے چمٹے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئین پر حملہ کرنے والوں کو پتا ہے
ان کے دن گنے جا چکے ہیں، عمران خان لیٹر گیٹ کمیشن کی فضول باتیں بند کریں، پاکستان نے دیکھا کوئی خط تھا ہی نہیں، بیرون ملک کی سازش کا 7 مارچ کو پتا چلا تو 3 اپریل کا انتظار کیوں کیا، سپیکر نے 8 مارچ کو تحریک کیوں لی۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان نے آٹا، چینی، بجلی اور گیس کی چوری کی، یہ لوگ کرپشن کا بیانیہ لے کر الیکشن لڑے تھے،
ان کو لوگوں نے نالائقی کی وجہ سے چھوڑا ہے، عوام آٹے، چینی کی مہنگائی کا پوچھتے ہیں تو گالی دیتے ہیں، عوام گیس، بجلی 3،3 گنا زیادہ قیمتوں پر خرید رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) الیکشن کے لیے تیار ہے، متحدہ اپوزیشن نے ملک کو عمران خان سے بچایا ہے، قانون ان آئین شکنوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں دے گا۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو پی ٹی آئی اور عمران خان نے متعارف نہیں کرایا، ہر منصوبے کے اوپر نواز شریف اور شہباز شریف کی مہر ہے۔ ترجمان(ن)لیگ کا کہنا تھا کہ صدر کا خط آئین شکن کا خط ہے، خط کی کوئی آئینی حیثیت نہیں، عارف علوی کو کہنا چاہتی ہوں کہ آپ کو پتا ہے آرٹیکل 6 میں سزا کیا ہے، تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ
تھوڑی دیر پہلے پیش آنے والے غیر مناسب واقع اور صحافیوں کے خلاف استعمال کئے گئے الفاظ کی مذمت کرتی ہوں، یہ وہی لوگ ہیں جو پیکا قانون لے کر آئے، مطیع اللہ صاحب سینئر صحافی ہیں، ان سے بدتمیزی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری پیکا کا آرڈیننس لانے میں سرفہرست ہیں، ان سے کوئی سوال کرو آگے سے گالی دیتے ہیں، صحافیوں کے خلاف استعمال کئے گئے الفاظ کی مذمت کرتی ہوں۔