فلیٹیز ہوٹل کا وزیراعلیٰ بننے پر حمزہ شہباز کو مبارک ہو، مونس الہٰی

432

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے وطن واپس آنے سے متعلق بتادیا کہ وہ جلد وطن واپس آرہے ہیں ، حمزہ کی جیت پر آنسو فتح اور خوشی کے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاق کے بعد پنجاب میں بھی آئینی وسیاسی بحران شدت اختیار کر گیا جس کے تحت پنجاب اسمبلی کو تالے لگائے جانے اور سپیکر کی جانب سے ڈپٹی سپیکر کو غیر فعال کئے جانے کے بعد اپوزیشن نے نجی ہوٹل میں اسمبلی لگالی اور اپنی اکثریت ظاہرکرنے کےلئے ارکان کو ہوٹل میں ہی بلا کر اسمبلی سیشن کرڈالا اور علامتی ووٹنگ کراڈالی جبکہ معاملہ یہاں تک بھی پہنچ گیا کہ حمزہ شہباز کے حق میں 199ارکان کی حمایت کے تحت قرار دادمنظور کرواتے ہوئے علامتی وزیراعلیٰ بھی منتخب کرلیا جو پارلیمانی تاریخ کاایک انوکھا اقدام ہے۔

پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کیے جانے کے بعد اپوزیشن نے مقامی ہوٹل میں علامتی اجلاس بلایا۔مقامی ہوٹل میں ہونے والے علامتی اجلاس میں اپوزیشن اتحاد، جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان گروپ کے ارکان نے شرکت کی۔ مریم نواز بھی اجلاس میں شریک ہوئیں۔ متحدہ اپوزیشن کے اجلاس کی صدارت پینل آف چیئرمین شازیہ عابد نے کی۔ علامتی اجلاس میں حمزہ شہباز کو وزیراعلی منتخب کرنےکی قرارداد پیش کی گئی جس پرارکان نے کھڑے ہو کر قرارداد کی منظوری دی۔

199 ارکان نے قرارداد کے حق میں کھڑے ہو کر حمایت کی۔ اس موقع پر ہال وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کے نعروں سے گونج اٹھا۔اس سے قبل مریم نواز بھی حمزہ سے اظہار یکجہتی کیلئے مقامی ہوٹل پہنچی تھیں۔ اس دوران انہوں نے بس میں بھی ارکان اسمبلی کے ہمراہ سفر کیا اور اجلاس کیلئے مختص ہوٹل گئیں۔ ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق ڈپٹی اسپیکرکیخلاف جب عدم اعتماد آچکی ہوتووہ کسی اجلاس کی صدارت نہیں کرسکتے، آئینی طورپرڈپٹی اسپیکرکسی بھی اجلاس کی صدارت کے مجازنہیں۔

ترجمان پنجاب اسمبلی کا کہناتھا کہ اگرڈپٹی اسپیکر ایساکریں گے تو آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے پہلے 6 اپریل کو ہونے والا اجلاس 16 اپریل کو بلانے کا اعلامیہ جاری کیا اور پھر رات دیر گئے اجلاس کی تاریخ دوبارہ تبدیل کرتے ہوئے 6 اپریل کی۔ مسلم لیگ ق نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے اجلاس 6 اپریل کو بلانے کا فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا تھا۔

بدھ کو حکومت نے اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی اور ساتھ ہی پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کردیے گئے۔ ادھرمقامی ہوٹل میں جاری پنجاب اسمبلی کے علامتی اجلاس کے دوران حمزہ شہباز کے حق میں قرار داد پاس ہونے پر مریم نواز آبدیدہ ہوگئیں۔ رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ یہ فتح کے آنسو ہیں، خوشی کے آنسو ہیں۔

مریم نواز نے حمزہ شہباز کو مبارک باد بھی دی۔ا دھرتحریک انصاف کی جانب سے وزارت اعلی پنجاب کے نامزد امیدوار پرویز الہی کے بیٹے مونس الہٰی نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ اپنی ٹوئٹ میں مونس الہی کا کہنا تھاکہ فلیٹیز ہوٹل کا وزیراعلیٰ بننے پر حمزہ شہباز کو مبارک ہو۔