حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے چیئرمین سید جلال محمود شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی صورتحال نے واضح کر دیا ہے کہ آج ملک میں غیر جمہوری اداروں کی سیاسی عمل میں مداخلت کی وجہ سے جمہوری نظام مضبوط نہیں ہو سکا ہے۔ آج جس طرح کا سیاسی اور آئینی بحران پیدا ہوا ہے اس سے نہ صرف پارلیمانی نظام کمزور ہوا ہے بلکہ اس سارے بحران کی ذمے دار بے ایمان، نااہل اور اقتدار کے لئیے نیلام گھر سجانے والی سیاسی جماعتیں اور ان کی قیادت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو باڈی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم سندھ کے لیے تباہ کن ہے، پی ڈی ایم سندھ کو تقسیم اور لسانی سیاست کی سازش کر رہی ہے جس کو ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کا بھیانک چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ اجلاس میں
مطالبہ کیا گیا کہ ملک میں نگراں حکومت قائم کر کے فوری انتخابات کروائے جائیں۔